نئی دہلی29جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)وزارت خارجہ نے آج واضح کیا کہ چار اگست کو سارک وزارتی درجے کی کانفرنس میں شامل ہونے کے لئے اسلام آباد کے دورے کے دوران وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اور پاکستان کے رہنماؤں کے درمیان کوئی دوطرفہ ملاقات نہیں ہوگی۔وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے ٹویٹ کیاکہ میں واضح طور پر کہنا چاہوں گا کہ ہندوستان کے وزیر داخلہ سارک کانفرنس کے لئے جا رہے ہیں۔پاکستان کے ساتھ کوئی دوطرفہ میٹنگ نہیں ہو گی۔ترجمان نے یہ تبصرہ ایسے وقت کیا جب میڈیا میں وزارت داخلہ کے ایک اہلکار کے حوالے سے وزارت خارجہ کے بیان کے متضاد خبریں آئی تھیں کہ سنگھ اپنے ہم منصب چودھری نثار علی خان اور پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کریں گے۔سوروپ نے کل واضح کیاتھا کہ وزیر داخلہ کثیر القومی سارک کانفرنس کے لئے جا رہے ہیں اور کوئی دو طرفہ بات چیت نہیں ہوگی۔وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق توقع ہے کہ سنگھ پاکستان سے ہندوستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کو بند کرنے کیلئے کہیں گے اورپٹھان کوٹ فوجی اڈے پردہشت گردانہ حملے کی تحقیقات اورپاکستان میں ممبئی دہشت گردانہ حملے کی سماعت کی سست رفتارکے مسئلے کو اٹھائیں گے ۔سنگھ کے ساتھ مرکزی داخلہ سکریٹری راجیو مہشر اور وزارت داخلہ کے کئی دیگر سینئر افسران بھی ہوں گے۔